اللہ تعالیٰ کی مخلوقات میں سے ہر ایک فانی ہے (كُلُّ مَنْ عَلَيْـهَا فَانٍ،الرحمٰن: 26)، اور ہم سب کچھ مقررہ مدت گزار کر اس دنیا سے رخصت ہوتے ہیں (كُلُّ نَفْسٍ ذَآىٕقَةُ الْمَوْتِؕ، آل عمران: 185) اس کتابچے کے ذریعے ان آداب اور دعاؤں سے آگاہ کرنا ہے جو نبی کریم ﷺ نے اس حیات ِ ظاہری کے اختتام کے متعلق ارشاد فرمائیں ۔
اس کام کا مقصد اللہ کی خوشنودی حاصل کرنا ، اپنے والدین اور تمام خاندان کیلیے توشہ آخرت جمع کرنا ہے۔ اور اس موضوع پر چالیس احادیث کا انتخاب کا مقصد روزقیامت نبی کریم ﷺ کی شفاعت کا حصول ہے کیونکہ آپ ﷺ نے فرمایا:
’’جس شخص نے میری امت کے لئے چالیس ایسی احادیث کو محفوظ کیا جن کا تعلق ان کے دین کے معاملہ سے ہو تو اللہ تعالیٰ اسے روزِ قیامت فقیہ کے درجہ میں اٹھائے گا، اور روزِ قیامت میں اس کی شفاعت کرنے والا اور اس کے حق میں گواہی دینے والا ہوں گا۔‘‘ (بیہقی، شعب الایمان: 1726)
اللہ کریم ہمیں ان تعلیمات پر عمل کی توفیق عطا فرمائے اور دنیاوآخرت کی کامرانیوں سے نوازے۔ اور ہمارا جینا اور مرنا سب اسی ذات پاک کے لیے ہو جائے۔ آمین
قُلۡ اِنَّ صَلَاتِیۡ وَ نُسُکِیۡ وَ مَحۡیَایَ وَ مَمَاتِیۡ لِلّٰہِ رَبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ (الانعام: 162)
طالب دعا
میاں افتخار احمد
10 رمضان المبارک 1442
23 اپریل 2021
